سپین کےشہر بارسلونا میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مہم
Reading Time: 2 minutesبارسلونا: دنیابھر میں مقیم پاکستانیوں نے سیلاب زدگان کی مدد کا سلسلہ شروع کررکھاہے۔ پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیےسپین کے صوبہ کاتالونیا کے مشہور گروپ بالی ووڈ نے فیڈریشن دیل بائیس کے ساتھ مل کر بارسلونا کے نزدیکی قصبے سبادیل میں ایک زبردست میوزیکل اور ڈانس پروگرام کا انعقاد کیا،جس میں بڑی تعداد میں کاتالان خواتین مرد حضرات اور بچوں نے شرکت کی۔
پروگرام میں کاتالان خواتین اور بچیوں کے ہاتھوں پر مہندی بھی لگائی گئی، اور لوگوں سے پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے متاثرہ افراد کی امداد کی درخواست کی گئی۔ پروگرام کے انعقاد میں مشہور سماجی و سیاسی شخصیت سفیان یونس نے اہم کردار اداکیا۔
واضح رہے سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ایک لاکھ یورو سے زائدکی رقم سیلاب زدگان کے لئے اکٹھی کرچکی ہے۔ گزشتہ دنوں پاکستانی سفیرشجاعت راٹھور نے کمیونٹی کے افراد سے ملاقات میں بھی مدد کی اپیل کی تھی۔
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب سے57 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1265 ہو گئی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے تازہ اعداد شمار کے مطابق سندھ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 38 جب کہ خیبر پختونخوا میں 17 اور کشمیر و بلوچستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 22 مرد، 18 خواتین اور 17 بچے شامل ہیں۔
سنہ 2010 میں پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کیلئے سبادیل میں ایک بہت بڑے میوزیکل پروگرام کا انعقاد کیا جس میں سپین کی مشہور ڈش (Paella Valenciana) بھی کھانے کیلئے سینکڑوں افراد کو پیش کیا گیا ،جسکی قیمت 25 یورو رکھی گئی تھی ،اس پروگرام میں سبادیل اور گردونواح کی تمام سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اپنا حصہ ڈالا ،سبادیل اور گردونواح کے علاقوں میں واقع ہسپتالوں سے تقریباً 2 ٹرک میڈیکل کیمپ کیلئے امدادی سامان بھی حاصل کیا مگر اس وقت کے قونصل کے عدم تعاون کے باعث پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی ،اور تمام رقم انگلینڈ میں ایدھی فاؤنڈیشن کے ذریعے پاکستان روانہ کی گئی تھی۔