یوکرین کو میزائل دیے تو امریکہ ’نتائج‘ بھگتے گا: روس
Reading Time: < 1 minuteروس نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے یوکرین کو ایئر ڈیفنس میزائل فراہم کیے تو یہ اس کی جانب سے ’ایک اور اشتعال انگیز اقدام‘ ہو گا جو ماسکو کو ردعمل پر مجبور کر سکتا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ان رپورٹس پر کہ واشنگٹن کیئف کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے پیٹریاٹ میزائل فراہم کرے گا، کہا کہ’یوکرین کی جنگ میں امریکہ موثر طور پر ایک فریق بن چکا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’بڑھتی ہوئی امریکی فوجی امداد جس میں اس طرح کے جدید ترین ہتھیاروں کی منتقلی بھی شامل ہے، کا مطلب ہو گا کہ جنگ میں (امریکی) فوجی اہلکاروں کی وسیع تر شمولیت اور اس کے ممکنہ نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔‘
تاہم ماریہ زخارووا نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ کہ یہ ’ممکنہ نتائج‘ کیا ہو سکتے ہیں۔
امریکی حکام نے منگل کو کہا تھا کہ یوکرینی رہنماؤں کی فوری درخواست پر امریکہ پیٹریاٹ میزائل فراہم کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ اس کا باضابطہ اعلان جلد ہی متوقع ہے۔
یوکرین کو ان جدید ہتھیاروں کا بےچینی سے انتظار ہے تاکہ وہ ان روسی میزائلوں کو گرا سکے جنہوں نے ملک کے انفراسٹرکچر کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔