ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر
Reading Time: < 1 minuteترکیہ اور شام میں پیر کی صبح شدید زلزلے نے کئی عمارتوں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 100افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ترک حکام نے بتایا ہے کہ زلزلے کے زیادہ جھٹکے ملک کے جنوبی حصے میں محسوس کیے گئے۔ ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 42 ہو چکی ہے۔
جرمن ریسرچ کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت سات اعشاریہ آٹھ تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ شدت سات اعشاریہ آٹھ تھی۔
یو ایس جی ایس کے مطابق زلزلہ صبح چار بج کر 17 منٹ پر آیا جس کی گہرائی تقریباً 14 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان اور لبنان میں بھی محسوس کیے گئے۔
ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت سات اعشاریہ چار تھی جبکہ یو ایس جی ایس نے یہ بھی بتایا ہے کہ کچھ جھٹکے 15 منٹ بعد بھی محسوس کیے جن کی شدت چھ اعشاریہ سات تھی۔