پاکستان

ڈالر کے ساتھ کیا ہوا مجھے علم نہیں: اسحاق ڈار

مارچ 3, 2023

ڈالر کے ساتھ کیا ہوا مجھے علم نہیں: اسحاق ڈار

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ڈالر کے ساتھ کیا ہوا ان کو معلوم نہیں.

جمعے کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ان سے سوال کیا گیا کہ جب وہ لندن سے پاکستان واپس آئے تو ڈالر کا ریٹ 20 روپے نیچے چلا گیا تو کل کیا ہوا کہ ڈالر کا ریٹ پھر 19 روپے زیادہ ہو گیا۔

اس سوال اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ’مانیٹری پالیسی اور ایکسچینج ریٹ کی مینجمنٹ سٹیٹ بینک کے پاس ہے۔ کل ڈالر کے ساتھ کیا ہوا مجھے معلوم نہیں ہے۔ جب میں لندن سے نکلا تو لوگوں نے مہربانی کی اور ڈالر خود 217 پر آ گیا۔ پھر جب میں واشنگٹن سالانہ میٹنگ پر گیا تو پیچھے کسی نے جادو چلایا تو ڈالر پھر اوپر جانا شروع ہو گیا۔ آج کیا ہوا، ڈالر پھر آٹھ دس روپے بہتر ہو گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ ریاست کو بچانا یا سیاست کو۔ عمران خان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔ سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔ عمران خان کا رویہ خود غرضانہ ہے۔ عمران خان حقائق سے ہٹ کر باتیں کر رہے ہیں۔ ان کے بیانات سے مارکیٹ پر اثر پڑتا ہے۔‘

اسحاق ڈار نے عمران کان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ اپنا ماضی دیکھیں کہ آپ نے کیا کام کیا۔ آپ نے ڈیفالٹ، ڈیفالٹ کی رٹ لگا رکھی ہے۔ اپوزیشن کرائسس میں مل کر چلتی ہے لیکن ان کا عجیب رویہ ہے۔‘
’ہر وقت یہ کہنا ہے کہ ملک دیوالیہ ہوچکا ہے یہ ٹھیک نہیں، پاکستان ڈیفالٹ نہ ہوا ہے اور نہ ہی ہو گا۔‘

وزیر خزانہ نے کہا کہ ’عمران خان کو لانے والوں نے کہا تھا کہ اگر یہ رہتے تو ملک خطرے سے خالی نہیں تھا کیونکہ انہوں نے تو کچھ کیا ہی نہیں تھا۔‘

اسحٰق ڈار نے کہا کہ ’ان کو لانے ولے لوگ تو یہ بھی کہہ رہے تھے کہ پاکستان ختم ہوجائے گا ٹوٹ جائے گا، ان لوگوں کو دیکھنا چاہیے کہ عالمی صورتحال کیا ہے اور کیا مہنگائی صرف پاکستان میں ہورہی ہے یا کہیں اور بھی۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے