جلاؤ گھیراؤ اور حملے، اسلام آباد پولیس نے کتنے ملزمان گرفتار کیے؟
اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مظاہرین کی اشتعال انگیزی، جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور اہلکاروں پر حملوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے مختلف کارروائیوں میں اب تک 316 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
مزید گرفتاریوں کے لئے پولیس ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ وقوعہ میں ملوث تمام ملزمان کی کیمروں کی مدد سے شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق پرتشدد واقعات میں گرفتار افراد کی اطلاع دیگر اضلاع کو بھی دی جا رہی ہے تاکہ دیگر اضلاع میں مطلوب افراد ان کے حوالے کیے جا سکیں۔ پرتشدد کارروائیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کی اطلاع ان کے متعلقہ محکموں کو بھیجی جا رہی تاکہ محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ملزمان کا سابقہ پولیس ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر متحرک سرکاری ملازمین جو اشتعال انگیز کارروائیوں میں شامل تھے ان کی نشاندہی کی جا رہی ہے تاکہ محکمانہ کارروائی کی جا سکے۔
دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین کے بارے اطلاع ان کے اداروں کو بھیجی جائے گی۔
تارکین وطن جو ان کارروائیوں میں شامل پائے گئے ہیں ان کے متعلقہ غیر ملکی سفارت خانوں کو خطوط لکھے جارہے ہیں۔ پرتشدد مظاہروں کی مالی معاونت کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
پر تشدد جلاؤ گھیراؤ میں 58 پولیس افسران زخمی ہوئے جبکہ 12 گاڑیوں سمیت 20 موٹر سائیکل اور ایک پولیس چوکی نذر آتش کی گئی تھی۔

