پاکستان

حالات سازگار نہیں، پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کے الیکشن ملتوی

مارچ 23, 2023

حالات سازگار نہیں، پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کے الیکشن ملتوی

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کر دیے ہیں اور آٹھ اکتوبر کو الیکشن کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

بدھ کو الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے ایک باضابطہ حکم جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے حکم نامے میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں، وزارت خزانہ، وزارت دفاع، وزارت داخلہ اور چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹس کی روشنی میں کمیشن اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ الیکشن کا شفاف، منصفانہ، دیانتداری سے، پرامن اور قانون اور آئین کے مطابق انعقاد ممکن نہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس لیے آئین کے آرٹیکل 218 (3) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 58 اور سیکشن 8 ( (c میں دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے 8 مارچ 2023 کو جاری کیے گئے الیکشن شیڈول کو واپس لے لیا ہے اور نیا شیڈول جاری کیا جائے گا جس کے تحت الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے نوٹی فکیشن میں دہشت گردی اور نفری کی کمی کو الیکشن ملتوی کرنے کا جواز بنایا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق وزارت داخلہ نے انہیں مطلع کیا کہ سول اور فوجی فورسز کا انتخابی حلقوں میں پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کرنا ممکن نہیں۔

الیکشن کمیشن کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے یہ پوزیشن اس لیے لی ہے کیونکہ ملک میں ’دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات‘ کی وجہ سے فورسز سرحدوں، اندرونی سکیورٹی ڈیوٹیز، حساس تنصیاب اور غیر ملکیوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔

وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن کو یہ بھی بتایا کہ سکیورٹی اہلکار اس وقت مردم شماری کی ڈیوٹی پر بھی مامور ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرڈر میں وزارت داخلہ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ان کے نزدیک پنجاب میں صوبائی اسمبلیوں کے لیے عام انتخابات اعلان کردہ تاریخ پر ممکن نہیں۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے