چھ ہم خیال ججز کا بینچ، ازخود نوٹس کی سماعت روکنے کا فیصلہ ختم
ہنگامی بنیادوں پر بٹھائے گئے سپریم کورٹ کے چھ رُکنی بینچ نے سوموٹو مقدمات کی سماعت روکنے کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا فیصلہ ختم کر دیا ہے.
منگل کو سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو ایم بی بی ایس میں اضافی 20 نمبر دینے پر ازخود نوٹس کی سماعت چھ رکنی بینچ نے کی. آدھ گھنٹہ قبل تشکیل دیے گئے بینچ نےپانچ منٹ میں مقدمہ نمٹایا.
سپریم کورٹ نے حافظ قرآن کو اضافی نمبر دینے پر لیا گیا ازخود نوٹس نمٹا دیا.
سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ازخود نوٹس غیر مؤثر ہونے پر نمٹایا جاتا ہے. ازخود نوٹس اور اس کے دیگر اثرات پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا جائے گا.
پی ایم ڈی سی کے وکیل افنان کنڈی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ 20 اضافی نمبر 2018 تک رولز کے تحت دیئے جاتے تھے.
افنان کنڈی نے بتایا کہ سنہ 2021 میں نئے رولز بنے اور اضافی نمبرز ختم ہو گئے،20 اضافی نمبرز کا معاملہ عملی طور پر ختم ہو چکا ہے.

