پاکستان

ارشد شریف کے قتل کی شفاف تحقیقات کرانا ضروری: سپریم کورٹ

اپریل 5, 2023

ارشد شریف کے قتل کی شفاف تحقیقات کرانا ضروری: سپریم کورٹ

پاکستان کی سپریم کورٹ نے کینیا میں قتل کیے گئے صحافی ارشد شریف کے ازخود نوٹس میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف تحقیقات ازحد ضروری ہیں۔

بدھ کو سپریم کورٹ نے ارشد شریف ازخود نوٹس کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر تحقیقات پر عدالت کو مطمئن نہ کیا گیا تو جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے مطابق ارشد شریف کی فیملی کے وکیل شوکت عزیز صدیقی نے عدالتی کاروائی پر اعتراض اٹھایا۔

شوکت صدیقی کے مطابق سپریم کورٹ سپیشل جے آئی ٹی کی تحقیقات کی نگرانی نہیں کر سکتی۔

عدالت نے قرار دیا کہ سپریم کورٹ بنیادی حقوق سے متعلق معاملات کی نگرانی اور تحقیقات کروا سکتی ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کینیا اور یو اے ای سے باہمی قانونی تعاون اور معاونت سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق کینین حکام نے تاحال باہمی قانونی معاونت کا جواب نہیں دیا۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ خصوصی جے آئی ٹی کو بیرون مماملک سے تحقیقات کے لیے 3 ہفتے مزید دیے جاتے ہیں۔ اہم بنیادی حقوق کا معاملہ ہونے کے باعث عدالت تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنا سکتی ہے۔

سپریم کورٹ کے مطابق ارشد شریف قتل ایک بڑے صحافی کے قتل کے علاوہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے پانچ ہزار سے زائد خطوط سپریم کو لکھے گئے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ ارشد شریف قتل کی صاف اور شفاف تحقیقات کرانا چاہتی ہے۔

کیس کی مزید سماعت اپریل کے مہینے میں ہوگی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے