پاکستان

قومی اسمبلی میں تین ججوں کا فیصلہ مُسترد، ’فل کورٹ نظرثانی کرے‘

اپریل 6, 2023

قومی اسمبلی میں تین ججوں کا فیصلہ مُسترد، ’فل کورٹ نظرثانی کرے‘

پاکستان کی قومی اسمبلی نے پنجاب میں الیکشن کرانے کے سپریم کورٹ کے تین ججوں کے فیصلے کو مسترد کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی خالد حسین مگسی نے پیش کی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے ’ایوان سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ کا فیصلہ مسترد کرتا ہے۔‘

قرارداد کے متن کے مطابق ’ 28 مارچ کو ایوان کی منظور کردہ قرارداد میں ازخود نوٹس کیس نمبر 1/2023 میں سپریم کورٹ کے چار ججز کے اکثریتی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد اور اعلیٰ عدلیہ سے سیاسی و انتظامی امور میں مداخلت سے گریز کا مطالبہ کیا گیا تھا۔‘

’اکثر حلقوں نے بھی فل کورٹ کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اسے منظور نہیں کیا گیا۔ نہ ہی ایک کے سوا دیگر سیاسی جماعتوں کا موقف ہی سنا گیا۔‘

قرارداد میں کہا گیا کہ ’پارلیمنٹ کی اس واضح قرارداد اور سپریم کورٹ کے چار جج صاحبان کے اکثریتی فیصلے کو مکمل نظر انداز کرتے ہوئے تین رکنی مخصوص بینچ نے اقلیتی رائے مسلط کردی جو سپریم کورٹ کی اپنی روایات، نظائر اور طریقہ کار کی بھی خلاف ورزی ہے۔ اکثریت پر اقلیت کو مسلط کر دیا گیا ہے، تین رکنی اقلیتی بینچ کے فیصلے کو پارلیمان مسترد کرتی ہے اور آئین وقانون کے مطابق اکثریتی بینچ کے فیصلے کو نافذ العمل قرار دیتی ہے۔‘

قرارداد کے مطابق’یہ اجلاس آئین پاکستان کے آرٹیکل 184 (3) کے تحت دائر مقدمات کو فل کورٹ میٹنگ کے فیصلوں تک سماعت کے لیے مقرر نہ کرنے کے عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ کے فیصلے کی تائید کرتا ہے اور ایک ایگزیکٹو سرکلر کے ذریعے اس پر عملدرآمد روکنے کے اقدام کو گہری تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے۔ یہ ایوان اُسی عدالتی فیصلے کو عجلت میں ایک اور متنازعہ بینچ کے روبرو سماعت کے لیے مقرر کرنے اور چند منٹوں میں اس پر فوری فیصلے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتا ہے کہ ایسا عمل سپریم کورٹ کی روایات اور نظائر کے صریحاً خلاف ہے۔ لہذا یہ ناقابل قبول ہے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے