پاکستان

پنجاب میں الیکشن، وفاقی کابینہ کا پارلیمان سے رہنمائی لینے کا فیصلہ

اپریل 9, 2023

پنجاب میں الیکشن، وفاقی کابینہ کا پارلیمان سے رہنمائی لینے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی پر پارلیمان سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہاﺅس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس اتوار کو وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوا جو دوگھنٹے تک جاری رہا۔

الیکشن کے لیے فنڈز جاری کرنے کے لیے سپریم کورٹ نے احکامات جاری کیے تھے اور اس کے لیے 10 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس نے ’چار۔ تین‘ کے تناسب سے آنے والے عدالتی حکم اور چار جج صاحبان کے تفصیلی فیصلے پر غور کیا جبکہ 6 اپریل کو قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرار داد پر تفصیلی مشاورت کی۔

وزیرقانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو مختلف آئینی وقانونی امور پر بریفنگ دی اور کابینہ کے ارکان کے سوالات کے جواب دیے۔

بیان کے مطابق ’تمام پہلوﺅں کابغور جائزہ لینے اور تفصیلی مشاورت کے بعد کابینہ نے متفقہ طور پر وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے میں پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کرے اور کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کرے۔‘

اجلاس نے طے کیا کہ کابینہ کا اجلاس 10 اپریل کو دوبارہ بلایا جائے تاکہ مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق فیصلہ کیا جا سکے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے