لاپتہ آبدوز ٹائٹن ’پھٹ کر تباہ‘، پانچوں مسافروں کے ہلاک ہونے کی تصدیق
Reading Time: < 1 minuteغرقاب ٹائٹینک جہاز کا ملبہ دیکھنے کے لیے سمندر کے نیچے جانے والے پانچوں مسافر سیاح ہلاک ہو گئے ہیں۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ مسافروں کو لے کر جانے والی آبدوز ’پھٹنے‘ کے نتیجے میں تباہ ہوئی اور اس کے ٹکڑے سمندر میں پائے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی کوسٹ گارڈ نے اس خبر کی تصدیق کی جبکہ امریکی نیوی کے حکام نے کہا ہے کہ گہرے سمندر میں دشمن کے آبدوز کا پتا لگانے والی ٹیکنالوجی نے ایک دن قبل سگنل دیا تھا کہ زیرآب دھماکہ ہوا ہے۔
پانچ دن کی مسلسل تلاش کے بعد جمعرات کو ٹائٹن کے پانچوں مسافروں کے ہلاک ہو جانے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔
ان میں دو پاکستانی نژاد برطانوی باپ بیٹا بھی شامل تھے۔
امریکی کوسٹ گارڈ ریئر ایڈمرل جان ماگر نے صحافیوں کو بتایا کہ کینیڈا کے ایک بحری جہاز سے بھیجی گئی روبوٹک ڈائیونگ گاڑی نے شمالی بحر اوقیانوس کے ایک دُور دراز کونے میں جمعرات کی صبح ٹائٹینک سے 16 سو فٹ اوپر آبدوز ٹائٹن کے ملبے کا پتہ لگایا۔
امریکی کمپنی اوشن گیٹ ایکسپیڈیشنز کی طرف سے چلائی جانے والی یہ ٹائٹن اتوار کی صبح تقریباً ایک گھنٹہ اور 45 منٹ بعد سطح سمندر پر موجود اپنے امدادی جہاز سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد سے لاپتہ ہو گئی تھی۔
حالانکہ کہ اس آبدوز کو ٹائٹینک کے ملبے تک پہچنے کے لیے دو گھنٹے کا وقت درکار تھا۔
کوسٹ گارڈ کے حکام نے بتایا کہ 22 فٹ ٹائٹن کے پانچ بڑے ٹکڑے ملبے سے ملے ہیں۔
ان ٹکڑوں میں آبدوز کا پچھلا حصہ اور پریشر ہُل کے دو حصے شامل ہیں۔ کوسٹ گارڈ کے حکام نے اس بارے میں کوئی ذکر نہیں کیا کہ آیا انسانی باقیات بھی دیکھی گئی ہیں۔