ویگنر گروپ کی فورسز کی جانب سے مسلح بغاوت غداری ہے: روسی صدر
Reading Time: 2 minutesروس کے صدر ولادیمیر پوتن کا کہنا ہے کہ ’ویگنر گروپ کی فورسز کی جانب سے مسلح بغاوت غداری ہے اور جو روسی فوج کے خلاف ہتھیار اُٹھائے گا اسے سزا دی جائے گی۔‘
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق روس کے صدر نے سنیچر کو ایک ہنگامی ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ وہ روس کی حفاظت کے لیے سب کچھ کریں گے اور جنوبی شہر روسٹوو آن ڈان میں صورت حال کو مستحکم کرنے کے لیے ’فیصلہ کن کارروائی‘ کی جائے گی۔
ویگنز کے سربراہ یوگینی پریگوزن نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی افواج نے جنوبی شہر روسٹوو آن ڈا تمام فوجی تنصیبات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
روس کے نیم فوجی دستے ’ویگنر‘ نے روسی فوجی قیادت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے جبکہ دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر گروپ کے لیڈر یوگینی پریگوزین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ماسکو اور جنوبی علاقے کے لیے روسی فوجی ہیڈکوارٹر کا گھر سمجھے جانے والے روستوو آن ڈان میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
اس ساری صورتحال سے ماسکو کی جنگی کوششوں میں مزید رکاوٹ پیدا ہونے کا امکان ہے کیونکہ کیئف کی افواج جوابی کارروائی کے ابتدائی مراحل میں روسی دفاع کی جانچ کر رہی تھیں۔
ویگنر گروپ کے لیڈر یوگینی پریگوزن نے روسی وزارت دفاع پر تنقید کی ہے کہ انہوں نے اپنے ہی فوجیوں کو مارنے کا منصوبہ بنایا تھا، مبینہ میزائل حملے میں ویگنر فوجیوں کی ہلاکت میں روسی وزارت دفاع کا ہاتھ ہے۔
پریگوزین نے سنیچر کو دعویٰ کیا تھا کہ ان کی افواج یوکرین سے روس میں داخل ہوئیں اور روستوف پہنچ گئیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ انہیں چوکیوں پر جوانوں کی طرف سے کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور ان کی افواج ’بچوں کے خلاف نہیں لڑ رہیں لیکن ہم ہر اس شخص کو تباہ کر دیں گے جو ہمارے راستے میں کھڑا ہو گا۔‘
انہوں نے جمعے کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو اور آڈیو ریکارڈنگ میں کہا تھا کہ ’ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور آخر تک جائیں گے۔‘
پریگوزن نے یہ بھی کہا کہ ان کی افواج نے ایک روسی فوجی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا جس نے ایک شہری قافلے پر فائرنگ کی تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔