سائفر کی تحقیقات، عمران خان کو ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس
سابق وزیراعظم عمران خان کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سائفر کی تحقیقات کے لیے طلب کر لیا ہے۔
سابق وزیراعظم کو ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں 25 جولائی دن 12 بجے طلب کیا گیا ہے۔
عمران خان کو سائفر سے متعلق دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایف آئی اے کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
قبل ازیں پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے تعلقات کو مجروح کرتے ہوئے ملکی معیشت کو خراب کیا اور اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے سائفر کی بنیاد پر ڈرامہ اور ڈھونگ رچایا۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ’عمران خان نے ایسا جرم کیا جس کی سزا ان کو ملنی چاہیے، عمران خان کے ساتھ کھیلنے والے کھلاڑیوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا ہے اور اعظم خان کا بیان اس سے پہلے آنے والی آڈیو کی تصدیق کرتا ہے۔‘
وزیرداخلہ نے کہا کہ ’اعظم خان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ شاہ محمود قریشی اس منصوبہ بندی میں پوری طرح شریک جرم ہیں، اس ڈرامے کے ذریعے پاکستان میں نفرت پھیلانے اور اپنے مفادات کے حصول کے لیے سازش رچائی گئی۔‘

