پاکستان

الیکشن کمیشن میں پیشی، یوٹرن لیتا رہوں گا: عمران خان

جولائی 25, 2023

الیکشن کمیشن میں پیشی، یوٹرن لیتا رہوں گا: عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان الیکشن کمیشن کی توہین کے مقدمے میں پیش ہوئے اور اس دوران ایک سوال پر جواب دیا کہ وہ یوٹرن لیتے رہیں گے۔

منگل کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین کے مقدمے کی سماعت کی گئی۔

الیکشن کمیشن میں چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین، فیصل چوہدری، نعیم پنجوتھہ، علی بخاری، خالد یوسف چوہدری سمیت دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی زیر صدارت چار رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی جہاں اُن کے وکیل نے دلائل دیے۔

بینچ نے کہا کہ آج تو فرد جرم عائد کی جانی ہے۔

وکیل نے بتایا کہ اُن کے پاس ریکارڈ نہیں ہے مہلت دیں، آج پہلی بار پیش ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ممبر نے کہا کہ فائل اور ریکارڈ دینا آپ کی ذمہ داری ہے۔

الیکشن کمیشن نے چیرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے فردِ جُرم عائد کیے جانے کے لیے عمران خان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 2 اگست تک ملتوی کر دی۔

ایک رپورٹر نے پوچھا کہ خان صاحب لگتا ہے آپ آدھے وکیل بن گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اتنے کیسز ہوگئے ہیں اب تو پورا وکیل بن گیا ہوں۔ اتنے کیسز میں پیش ہوا ہوں اب سارا معاملہ سمجھ گیا ہوں۔

چیرمین تحریک انصاف سے پوچھا گیا کہ آپ الیکشن کمیشن سے معافی مانگیں گے؟

عمران خان نے جوابا پوچھا کہ آپ کا کیا خیال ہے مجھے معافی مانگنی چاہیے، جب میں نے کوئی غلطی کی ہی نہیں تو معافی کیوں مانگوں۔

ایک رپورٹر نے پوچھا کہ مزید یوٹرن بھی لیں گے؟
تحریک انصاف کے چیئرمین نے جواب دیا کہ وہ یوٹرن لیتے رہیں گے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے