پاکستان

چین، سعودیہ و امارات نے مدد کی، ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا: وزیراعظم

جولائی 27, 2023

چین، سعودیہ و امارات نے مدد کی، ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا: وزیراعظم

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور قطر نے ان کی بے پناہ مدد کی ہے۔

جمعرات کو گوادر میں مستحق ماہی گیروں اور طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے دوست ممالک کی جانب سے ملنے والی مدد کے حوالے سے کہا کہ بدھ کو چین نے پاکستان کا دو ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ دو سال کے لیے رول اوور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو آپ کا خیرخواہ ہو اور اس کی کوئی شرط بھی نہ ہو کہ بدلے میں آپ مجھے کچھ دیں گے۔ نہ چین، نہ سعودی عرب، نہ متحدہ عرب امارات اور نہ قطر، یہ ہم سے کسی طرح کی شرط نہیں منواتے اور اس کے بغیر انہوں نے ہماری مدد کی ہے۔ تو آج جنہوں نے بُرے وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے اور وہ خیرخواہ ہیں، ان کی حفاظت کرنا بھی ہمارا فرض بنتا ہے۔‘

’اس لیے میں ہاتھ جوڑ کر آپ سے کہتا ہوں کہ بلوچستان کی ترقی و خوش حالی کے لیے جہاں پر وفاقی حکومت اور صوبے نے اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے وہیں دوست ممالک جو ہمارے خیرخواہ ہیں انہیں ساتھ ملانا ہو گا، کیونکہ ہمیں جدید ٹیکنالوجی چاہیے تو وہ ان دوست ممالک سے آنی ہے۔ اگر ہمیں سرمایہ کاری چاہیے تو ان دوست ممالک سے آنی ہے۔‘

وزیراعظم کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’اگر (دوست ممالک) مثال کے طور پر لورالائی، پشین یا نوشکی میں یا کہیں بھی باہر سے سرمایہ کار آتا ہے اور شمسی توانائی سے چلنے والا منصوبہ لگاتا ہے، سرمایہ کاری کرتا ہے تو کیا ہم اس کی حفاظت کریں گے یا اس کے لیے خطرات پیدا کریں گے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے