توہینِ الیکشن کمیشن، عمران خان پر دو اگست کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ
الیکشن کمیشن آف پاکستان سابق وزیرِاعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں دو اگست کو فرد جرم عائد کرے گا۔
جمعے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں 25 جولائی کی سماعت کا آرڈر جاری کیا۔
آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان پر دو اگست کو فرد جرم عائد کی جائے گی، اگلی سماعت پر بھی پیش ہوں۔ چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف وارنٹ گرفتاری وقتی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔‘
مزید یوٹرن بھی لیں گے؟ ’ہاں لیتا رہوں گا‘، عمران خان
الیکشن کمیشن نے اپنے آرڈر میں مزید کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔
ان کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے پاس کیس کا ریکارڈ نہیں۔ وکیل نے ریکارڈ حاصل کر کے کیس تیار کرنے کی استدعا کی، یہ استدعا منظور کر لی گئی۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل لا ونگ سے دستاویزات حاصل کر لیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے لہٰذا اس وقت کے لیے ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کیے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جب کوئی غلطی ہی نہیں کی تو الیکشن کمیشن سے معافی کیوں مانگوں؟
25 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی توہین الیکشن کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیش ہوئے تو اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی تھی۔
توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی تھی۔
کیس کی سماعت ختم ہوئی تو عمران خان نے صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیے۔

