کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس، خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ کی ضمانت نہ ہو سکی
لاہور ہائیکورٹ میں کور کمانڈر ہاؤس پر حملے کے الزام میں گرفتار خواتین سمیت دیگر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران سرکاری وکیل کی عدم حاضری پر بینچ نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو عدالت نے خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت سرکاری وکیل کی عدم دستیابی پر 3 اگست تک ملتوی کر دی۔
جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی درخواستوں کی سماعت کی۔
دو رکنی بینچ کے سامنے پراسیکیوٹر اسلام آباد میں ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے۔
بینچ نے ناراضی کا اظہار کیا کہ پراسیکیوشن کو تحریری طور پر آگاہ کرنا چاہیے تھا۔
خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر نے ضمانت پر رہائی کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کیا ہوا ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔

