پاکستان

سیلابی ریلہ شاہراہ قراقرم کو بہا لے گیا، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

اگست 1, 2023

سیلابی ریلہ شاہراہ قراقرم کو بہا لے گیا، ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع اَپر کوہستان میں پولیس کی جانب سے سازین کے مقام پر سڑک بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شاہراہ قراقرم پر سفر سے روک دیا گیا ہے۔

ضلع اپر کوہستان میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلے نے زمین کا کٹاؤ کیا ہے اور پہاڑی نالے میں طُغیانی سے سازین کے مقام پر قراقرم ہائی وے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

نالے میں طغیانی نے سڑک کو دونوں جانب سے دریا برد کر دیا جس کے باعث شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔

چلاس پولیس کے مطابق شاہراہ قراقرم کی بندش سے سیاحوں کی گاڑیاں اور مال بردار ٹرک پھنس گئے۔

حکام کے مطابق سڑک کے کھلنے میں دو دن لگ سکتے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اپر کوہستان محمد خالد کے مطابق سیلابی ریلے نے شاہراہ کو گہری کھائی میں بدل دیا ہے۔

’ایف ڈبلیو او کو آگاہ کردیا گیا ہے تاکہ جلد اس سڑک کی بحالی پر کام شروع ہو سکے۔‘

ڈی پی او محمد خالد کے مطابق سیلاب سے ایک مسجد اور ایک گھر کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

 تمام مسافروں کو شاہراہ قراقرم پر سفر نہ کرنے دینے کے لیے چلاس اور ایبٹ آباد پولیس کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔

پولیس چیف کا کہنا تھا کہ سیاح سفر کے لیے بابوسرٹاپ کا راستہ اختیار کریں تاکہ مشکل سے بچ سکیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کے پیش نظر سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں احتیاط سے سفر کی ہدایت کی ہے۔

دو دن قبل 30 جولائی کو چلاس گندلو گونر کے مقام پر لینڈ سلایئڈنگ سے سیاحوں کی 3 گاڑیاں ملبے کے نیچے دب گئیں تھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے