پاکستان

توشہ خانہ ٹرائل، سپریم کورٹ میں عمران خان کی فوری ریلیف کی استدعا مسترد

اگست 2, 2023

توشہ خانہ ٹرائل، سپریم کورٹ میں عمران خان کی فوری ریلیف کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں فوری ٹرائل روکنے کی عمران خان کی استدعا مسترد کر دی ہے۔

بدھ کو تحریک انصاف کے چیئرمین کو توشہ خانہ کیس فوری ریلیف نہ دیتے ہوئے عدالت نے الیکشن کمیشن کے حکام سے چار اگست تک جواب طلب کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کے ٹرائل کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

جسٹس یحیی آفریدی نے عمران خان کے وکیل خواجہ حارث سے کہا کہ جو ریلیف آپ نے مانگا وہ ہم نے دے دیا تھا، حیرت ہے آپ نے پھر سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔

جسٹس یحیی آفریدی نے پوچھا کہ ہائیکورٹ میں کیس اب کب کے کیے مقرر ہے؟

وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ کیس کل ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے، لیکن اصل سوال دائرہ اختیار کا ہے۔

جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ آپ کی درخواست غیرموثر ہو چکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور آرڈر دیا، ہم صورتحال کو سمجھ رہے ہیں۔

جسٹس یحیی آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے سمجھا تھا ہائیکورٹ آپ کو بہتر آرڈر دے گی، ہم نے حکمنامے میں لکھا تھا ہائیکورٹ درخواستوں کو اکھٹا سنے۔

جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ ہو سکتا ہے جو ریلیف آپ مانگ رہے ہیں اُس کا ہائیکورٹ فیصلہ کر دی، پہلے ہائیکورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ہائیکورٹ نے حکم امتناع نہیں دیا اس لیے سپریم کورٹ آئے ہیں۔

عدالت نے کیس کی سماعت جمعے کو ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے