پاکستان

بشریٰ بی بی پیش، عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت خارج

اگست 10, 2023

بشریٰ بی بی پیش، عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت خارج

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی استدعا پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواستیں خارج کر دی ہیں۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئیں اور حاضری لگائی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ’بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے کوئی آرڈرز موجود نہیں۔‘

خواجہ حارث نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کیں اور موقف اپنایا کہ ’درخواست گزار پہلے ہی ایک مقدمے میں گرفتار ہیں لہذا کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔‘

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ملزم تین سال جیل میں رہے تو کیا تین سال تک ملزم کا انتظار کیا جائے گا؟

جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ ’اگر نیب والے گرفتار کرتے ہیں تو یہاں سے تو اچھا ہی ہو گا۔ زرداری صاحب خود کہتے تھے کہ مجھے جیل بھیج دیں۔‘

خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ ’ہماری درخواست ہے کہ آپ ہمیں ایک اور موقع دیں۔ ہم کوئی جان بوجھ کر ایسا نہیں کر رہے۔‘

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا جو بعدازاں سناتے ہوئے عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل اور توشہ خانہ نیب انکوائری میں ضمانت کی درخواستیں عدم پیروی پر خارج کر دیں۔

190 ملین پاؤنڈز سکینڈل میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست وارنٹس کی عدم موجودگی پر نمٹا دی گئی.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے