سندھ کا نگراں وزیراعلیٰ، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر پر اتفاق
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے کہا ہے کہ ان کی اور وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کے درمیان سندھ کے نگران وزیراعلٰی کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔
پیر کی رات کو وزیراعلٰی سندھ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والی رعنا انصار نے کہا کہ مقبول باقر کا نام اپوزیشن اور حکومت دونوں کی طرف سے تجویز کیا گیا تھا۔
رعنا انصار کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلٰی کی تقرری میں گرینڈ ڈیموکریٹک پارٹی (جی ڈی اے) سے بھی مشاورت ہوئی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی قیادت کو مقبول باقر کے نام پر کوئی اعتراض نہیں تھا اور ایم کیو ایم قیادت نے بھی ان کے نام کی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلٰی ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے سابق ترجمان اور میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ آج وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگران وزیراعلٰی کے لیے مقبول باقر کے نام پر اتفاق ہوا۔ ان کے مطابق وزیراعلٰی اور اپوزیشن لیڈر نے اس حوالے سے خطوط گورنر سندھ کو ارسال کر دیے ہیں۔
مرتضی وہاب کے مطابق جسٹس مقبول باقر کا نام وزیراعلٰی سندھ نے تجویز کیا تھا۔ ’مختلف ناموں پر غور کرنے کے بعد جسٹس صاحب کے نام پر اتفاق ہوا ہے۔ اور ان کی قابلیت، صلاحیت، عیرجانبداری اور کردار شک و شبہے سے بالاتر ہے۔‘
دریں اثنا جسٹس (ر) مقبول باقر نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’موجودہ نامساعد حالات میں نگران وزارت اعلٰی کی ذمہ داری بہت اہم ہے۔ ہم آئین اور قانون کی بالادستی کی کوشش کریں گے۔‘

