پاکستان

علی وزیر اور ایمان مزاری کو گرفتار کیا گیا ہے: اسلام آباد پولیس

اگست 20, 2023

علی وزیر اور ایمان مزاری کو گرفتار کیا گیا ہے: اسلام آباد پولیس

اسلام آباد میں پولیس نے کہا ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر اور وکیل ایمان مزاری کو گرفتار کیا گیا ہے.

قبل ازیں یہ خبر آئی تھی کہ معروف وکیل اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی شہری ایمان حاضر مزاری کو گھر کے دروازے توڑ کر حراست میں لیا گیا ہے۔

اتوار کو علی الصبح سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ خواتین پولیس اہلکار، سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد اور رینجرز کی طرح نظر آنے والے لوگ ہمارے گھر کا مرکزی دروازہ توڑ کر میری بیٹی کو لے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سیکیورٹی کیمرے اور بیٹی کا لیپ ٹاپ اور سیل فون بھی چھین لیا۔ ہم نے پوچھا کہ ان کے پاس وارنٹ ہے مگر وہ ایمان کو گھسیٹ کر باہر لے گئے۔ انہوں نے پورے گھر کا چکر لگایا۔

شیریں مزاری کے مطابق اُن کی بیٹی اپنے رات کے سونے کے لباس میں تھی اور کہا کہ اُن کو کپڑے تبدیل کرنے دیے جائیں لیکن وہ اسے گھسیٹ کر لے گئے۔ یقیناً یہ کوئی وارنٹ یا کوئی قانونی طریقہ کار نہیں۔ ریاستی فاشزم ہے۔

انہوں نے لکھا کہ واضح رہے کہ ہم گھر میں صرف 2 خواتین رہتی ہیں۔ اس طرح یہ ایک اغوا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے بیان کے مطابق کیپیٹل پولیس نے علی وزیر اور ایمان مزاری کوگرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق‏دونوں ملزمان اسلام آباد پولیس کو تفتیش کے لیے مطلوب تھے۔ تمام کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔

‏اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی جاری کردہ خبر کو ہی درست تسلیم کیا جائے۔ کوئی پولیس سٹیشن سے بیان دینے کا مجاز نہیں۔

ایمان مزاری نے سنیچر کی شام پشتون تحفظ موومنٹ کے جلسے میں تقریر کرتے ہوئے لاپتا افراد کے معاملے پر پاکستان کی فوج اور خفیہ ایجنسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے پشتون دہشت گرد نہیں بلکہ جی ایچ کیو میں بیٹھے ہیں۔

ایمان مزاری نے فوج کی قیادت سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کو نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے