امریکہ و برطانیہ کے سفیروں کی ن لیگ و پیپلز پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیوں؟
Reading Time: 2 minutesامریکہ اور برطانیہ کے سفارت کاروں نے پاکستان کی بڑی سیاسی جماعتوں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہیں جن پر تحریک انصاف نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے لاہور میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
سنیچر کو مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال اور خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں امریکی سفیر اور نواز شریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تبدیلیوں، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بھی بات چیت کی۔
ادھر امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستانی سیاستدانوں سے جاری ملاقاتوں کے سلسلے میں امریکی سفیر برائے پاکستان ڈونلڈ بلوم نے ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے استقبالیے میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختکف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔‘
’امریکی سفیر نے لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے بانی جہانگیر ترین سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات اور عوام کے اپنے مستقبل کے رہنماؤں کے انتخاب کے حق کی اہمیت پر بات کی۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان کے تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ امریکہ اور پاکستان کے ’گرین الائنس‘ فریم ورک پر پیشرفت کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔‘
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے سنیچر کو کراچی میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شاہ چارلس کی سالگرہ کے حوالے سے اظہار مسرت کا پیغام دیا۔
انہوں نے ڈیوڈ کیمرون کے وزیر خارجہ بننے پر بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بیان کے مطابق آصف علی زرداری نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے برطانیہ سے مصالحتی کردار ادا کرنے پر زور دیا۔ ان کے اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔
پاکستان تحریک انصاف نے امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کرنے کا بیان جاری کیا ہے۔
ترجمان کے بیان کے مطابق امریکی سفیر کی عدالت سے سزا یافتہ نوازشریف سے ملاقات کے اعلامیے کے بعد سازش اپنی مکروہ اور نفرت انگیز شکل و صورت کے ساتھ پوری قوم کے سامنے آشکار ہوچکی ہے۔