پاکستان کی فوج کے دو ریٹائرڈ افسران کو 14 سال قید کی سزائیں
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ دو سابق افسران کو قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
سنیچر کو فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر ریٹائرڈ عادل راجہ کو 14 سال قید بامشقت جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے ملٹری کورٹ میں کارروائی مکمل کر کے سزائیں سنائیں۔
دونوں افسران ملک سے باہر مقیم ہیں۔
بیان کے مطابق فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجہ اور کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے ذریعے فوجی اہلکاروں میں بغاوت پر اکسانے کے الزام میں سزا سنائی گئی۔
دونوں پر فرائض کی انجام دہی اور جاسوسی سے متعلق آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے لیے منفی کام کرنے کا الزام تھا۔
مجاز دائرہ اختیار کی عدالت نے دونوں افراد کو مورخہ 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو مناسب عدالتی عمل کے ذریعے، سزاؤں کے ساتھ مجرم قرار دیا اور فیصلہ سنایا۔
سنائی گئی سزا کے مطابق 21 نومبر 2023 کو دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔

