اسرائیل کے ایران پر میزائلوں سے حملے کے بعد اصفہان میں دھماکے
امریکی ذرائع ابلاغ نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اسرائیل کے میزائلوں نے ایران میں ایک مقام کو نشانہ بنایا ہے۔
خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے پی کے مطابق کمرشل پروازوں نے جمعہ کی صبح بغیر کسی وضاحت کے مغربی ایران کی طرف اپنے راستوں کا رخ موڑنا شروع کر دیا۔
ایران کی ایک نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اصفہان شہر میں ’دھماکے‘ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ ہفتے کے آخر میں اسرائیل پر ایران کے میزائل اور ڈرون حملے کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے۔ زیادہ تر ڈرون اور میزائل اسرائیلی علاقے تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرائے گئے۔
دبئی کی ایئرلائنز ایمریٹس اور فلائی دبئی نے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چار بجے کے قریب مغربی ایران سے رخ موڑنا شروع کیا۔ ایئرلائنز نے رخ موڑنے سے متعلق کوئی وضاحت پیش نہیں کی۔ اگرچہ پائلٹس کو مقامی حکام کی جانب سے منتبہ کیا گیا تھا کہ فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔
نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے اصفہان کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھماکوں کی آواز کی اطلاع دی۔ اس نے دھماکوں سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔
اصفہان میں ایرانی فوج کا ایک بڑا ہوائی اڈہ ہے اور اس کے علاوہ ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک مقامات بھی موجود ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اصفہان، شیراز اور تہران کے لیے پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ایرانی حکومت نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
اصفہان ایران کے دارالحکومت تہران سے تقریباً 350 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

