مذموم سیاسی مقاصد کے لیے فوج کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی: فارمیشن کمانڈرز
Reading Time: 2 minutesپاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت منعقد 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اعادہ کیا کہ نو مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی و قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔
جمعرات کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرِ صدارت 83 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی.
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں اظہار کیا گیا ہے کہ ’ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف جاری ڈیجیٹل دہشت گردی، مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کے ساتھ کی جا رہی ہے۔‘
’اس کا مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا کے ذریعے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا اور قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے۔‘
فورم کے شرکا نے اعادہ کیا کہ ’ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔‘
’قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی و قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔‘
قبل ازیں 7 مئی کو فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے گزشتہ سال 9 مئی کو ہونے والے واقعات کے بارے میں کہا تھا کہ ’ انتشاری ٹولے‘ کے لیے صرف ایک راستہ ہے کہ وہ قوم کے سامنے معافی مانگے اور تعمیری سیاست میں حصہ لے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’اگر کوئی سیاسی سوچ یا ٹولہ اپنی ہی فوج پر حملہ آور ہو۔ تو اس سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا۔ ایسے انتشاری ٹولے کے لیے صرف ایک راستہ ہے کہ وہ قوم کے سامنے معافی مانگے اور وعدہ کرے کہ وہ نفرت کی سیاست چھوڑ کر تعمیری سیاست میں حصہ لے گا۔‘