بنگلہ دیش نے تاریخ رقم کر دی، پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش
Reading Time: < 1 minuteراولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش نے تاریخ رقم کر دی ہے۔
منگل کو میچ کے آخری روز پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں وائٹ واش کی ذلت سے دوچار کر کے بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نے زبردست جشن منایا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں صائم ایوب اور کپتان شان مسعود کی نصف سینچریوں کی مدد سے 274 رنز سکور کیے تھے۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کا پہلی اننگز میں آغاز تباہ کن تھا جب 26 پر چھ وکٹیں گر گئیں مگر لٹن داس کی سینچری اور حسن میراز کے 78 رنز نے بازی پلٹ دی۔
پہلی اننگز میں 12 رنز خسارے میں جانے کے باوجود بنگالی بولرز نے دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں کو کریز پر ٹکنے نہ دیا۔
پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 172 رنز بنا کر پویلین لوٹی تو مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف ملا۔
بارش کے باعث میچ کے پہلے دن کا کھیل ممکن نہیں ہو سکا تھا جبکہ چوتھے روز خراب روشنی اور بارش کی وجہ سے آخری سیشن کا کھیل متاثر ہوا تھا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم نے بھی مایوس کُن کارکردگی سے شائقین کے غم و غصے کو ہوا دے دی ہے۔