ٹماٹروں کی اوقات
پاکستان میں ٹماٹر گھر گھر کی کہانی ہے کیونکہ یہاں خواتین اس کے بغیر سالن بنانے کا سوچتی بھی نہیں، مگر گزشتہ دو ہفتوں سے ٹماٹروں کی قیمت سن کر پاکستان کے جہاں گال لال ہوجاتے ہیں وہیں چودہ طبق روشن کرانے کے بعد بہت سے لوگ سبزی والے کی دکان سے نامراد لوٹتے ہیں ۔
ٹماٹر پاکستان میں بہت پیدا ہوتا ہے اس لیے بہت سے لوگ حیران ہیں کہ یہ گئے کہاں، مگر ان لوگوں کو اس سے زیادہ حیرت اس وقت ہوئی کہ جب اڑھائی سو روپے کلو ملنے والا ٹماٹر اچانک ایک سو بیس روپے کلو ہوگیا، اب یہ اگر جان لیں کہ اچانک یہ ٹماٹر اتنی جلدی آئے کہاں سے تو معلوم ہونا چاہئے کہ اس افغانستان سے جس کو آپ کچھ نہیں سمجھتے ۔
عام طور پر گزشتہ چند برسوں سے پاکستان میں بھارتی کیلے اور چینی انگور و لہسن کی کھپت بڑھی ہے مگر اس بار کمال افغان کاشتکاروں نے کر دکھایا ہے ۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں ۔ ٹوئٹر پر افغان آرمی کے نام سے بنے ایک ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ دو دن میں افغانستان سے تراسی ٹن ٹماٹر درآمد کیے، ہم پاکستان کے عوام کی مدد کیلئے تیار ہیں ۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے لوگ آپس کی تجارت کو بھی ایک دوسرے کی مدد یا احسان کے طور پر لیتے ہیں۔