بڑی کمپنیوں کے مسائل، ٹیسلا اور فورڈ کی لاکھوں گاڑیاں مارکیٹ سے واپس
Reading Time: 2 minutesٹیسلا کمپنی نے کہا ہے کہ وہ امریکی مارکیٹ میں فروخت کی گئی اپنی تین لاکھ 76 ہزار الیکٹرک گاڑیوں کو واپس منگوا رہی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ان گاڑیوں کے پاور سٹیئرنگ اسسٹ فیچر میں خرابی کی وجہ سے ان کو چلانے میں مشکل پیش آ سکتی ہے، خاص طور پر جب گاڑیوں کی رفتار کم ہو تو حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس فیصلے کے بعد سٹاک ایکسچینج کے مڈ ڈے ٹریڈنگ میں ٹیسلا کے حصص تین فیصد گر گئے۔
گاڑیوں کی مارکیٹ سے واپسی کا یہ فیصلہ نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کی ایک سال سے زیادہ طویل تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے۔
گزشتہ برس ٹیسلا کی گاڑیاں خریدنے والے بعض صارفین نے سٹیئرنگ میں اس خرابی کی نشاندہی کی تھی۔
بعض ڈرائیوروں نے کہا کہ وہ سٹیئرنگ کو موڑنے سے قاصر تھے جبکہ دوسروں نے اس کے لیے زیادہ کوشش کرنے کی حوالہ دیا تھا۔
نیشنل ہائی وے ایڈمنسٹریشن نے پچھلے سال کہا تھا کہ اس مسئلے کی وجہ سے مبینہ طور پر 50 سے زیادہ گاڑیاں ہٹا دی گئیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے سنہ 2023 کے اواخر میں رپورٹ کیا تھا کہ دسیوں ہزار مالکان سٹیئرنگ پارٹس کی قبل از وقت خرابی کے معاملے سے گزرے اور اس کی شکایت کی۔ ایجنسی نے سنہ 2016 سے ٹیسلا دستاویزات، صارفین اور سابق ملازمین کے ساتھ انٹرویوز کا حوالہ دیتے ہوئے یہ معاملہ رپورٹ کیا تھا۔
سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے ساتھ فائلنگ میں ٹیسلا نے کہا تھا کہ 2023 کے بعض ماڈل 3 سیڈان اور پرانے سافٹ ویئر چلانے والے ماڈل Y کراس اوور کو اوور وولٹیج خرابی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ممکنہ طور پر پرنٹ شدہ سرکٹ بورڈ پر موٹر ڈرائیو کے اجزا پر زیادہ دباؤ ڈالنے سے یہ خرابی پیدا ہوتی ہے۔
ٹیسلا نے کہا تھا کہ اگر گاڑی کے حرکت میں رہتے ہوئے یہ زیادہ دباؤ والی حالت ہوتی ہے تو سٹیئرنگ متاثر نہیں ہوتا، اور بصری انتباہ کو متحرک کیا جاتا ہے۔ لیکن ایک بار جب گاڑی رک جاتی ہے تو سٹیئرنگ اسسٹ ناکام ہو سکتا ہے اور جب یہ دوبارہ حرکت کرتا ہے تو وہ غیر فعال رہ سکتا ہے۔
ایک الگ معاملے میں نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ فورڈ موٹرز ممکنہ سیٹ بیلٹ کے مسائل کی وجہ سے امریکہ میں فروخت کی گئی دو لاکھ 40 ہزار گاڑیاں واپس منگوا رہی ہے۔
سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق فورڈ کی گاڑیوں فورڈ ایکسپلورر اور ایوی ایٹر میں سیٹ بیلٹ بکل اینکر بولٹ غلط طریقے سے لگ سکتے ہیں۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ماہرین بولٹ کا معائنہ کریں گے اور ضرورت کے مطابق اجزا کو تبدیل کریں گے۔