لاہور ہائیکورٹ 9مئی کے مقدمات جلد سُنے، عمران خان کی درخواست
Reading Time: < 1 minuteپاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے نو مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں کی جلد سماعت کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔
منگل کو بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے متفرق درخواستیں دائر کیں۔
عمران خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس اور دیگر مقدمات میں متفرق درخواستیں دائر کیں۔
درخواستوں میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیاسی انتقام کے لیے سازش کا الزام کا لگا مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی درخواست کے مطابق آٹھ مقدمات میں ضمانت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر 16 جنوری کو سماعت ہوئی تھی۔
اُن کا درخواست میں کہنا ہے کہ پولیس کو نوٹس جاری ہونے کے بعد ضمانت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئیں۔
وکیل کے مطابق درخواست ضمانتوں کو فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر ہونا چاہیے۔ اور قانون ہے کہ نہ صرف انصاف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔
بانی پی ٹی آئی نے استدعا کی ہے کہ عدالت نو مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانتوں کو جلد سماعت کے لیے مقرر کرے۔