متفرق خبریں

ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام ہوگا، پاکستان اور افغانستان میں جنگ بندی معاہدہ

اکتوبر 19, 2025

ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام ہوگا، پاکستان اور افغانستان میں جنگ بندی معاہدہ

قطر کی وزارت خارجہ نے اتوار کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا ایک دور دوحہ میں منعقد ہوا جس میں ریاستِ قطر اور جمہوریہ ترکیہ نے ثالثی کی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’مذاکرات کے دوران فریقین نے فوری جنگ بندی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن اور استحکام کو مستحکم کرنے کے لیے طریقہ کار کے قیام پر اتفاق کیا۔‘

پاکستان اور افغانستان کے مابین قطر میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اتوار کی صبح ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’پاکستان کی سرزمین پہ افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دونوں ہمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے۔ 25اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود میں ملاقات ہو گی اور تفصیلی معاملات پر بات ہو گی۔‘

وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم قطر اور ترکیہ دونوں برادر ممالک کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔‘

قطر نے مزید کہا کہ ’فریقین نے آنے والے دنوں میں فالو اپ میٹنگز منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ جنگ بندی کے پائیداری کو یقینی بنایا جائے اور ایک قابلِ اعتماد اور مستحکم طریقے سے اس کے نفاذ کی تصدیق کی جا سکے، اس طرح دونوں ممالک میں سکیورٹی اور استحکام کے حصول میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔‘

وزارت خارجہ نے ریاستِ قطر کی اُمید کا اظہار کیا کہ یہ اہم قدم دونوں برادر ممالک کے درمیان سرحد پر جاری تناؤ کو ختم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔‘

افغانستان کی حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس اکاؤنٹ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم قطر اور ترکیہ کی برادر اقوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ان مذاکرات کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا جو اس معاہدے کا سبب بنے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’معاہدے کی شرائط کے تحت فریقین نے ایک مرتبہ پھر امن، باہمی احترام اور مضبوط و تعمیری ہمسایہ تعلقات کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔‘
’فریقین نے یہ عہد بھی کیا ہے کہ وہ مسائل اور تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے۔ ایک جامع اور بامقصد جنگ بندی پر باہمی طور پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔‘

سرحدی علاقوں میں کئی دن کی شدید جھڑپوں کے بعد پاکستان اور افغانستان کے اعلیٰ سطح کے وفود سنیچر کو مذاکرات کے لیے قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے۔

مذاکرات کرنے والے ان وفود کی سربراہی پاکستان اور افغانستان کے وزراء دفاع خواجہ محمد آصف اور ملا محمد یعقوب مجاہد کر رہے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے