لاہور میں ماں اور شیر خوار بچی کُھلے مین ہول کے گٹر میں گر کر ہلاک، افسر معطل
لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں کُھلے مین ہول کے گٹر میں گر کر خاتون اور اُن کی شیرخوار بیٹی ہلاک ہو گئی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ریسکیو کو یہ افسوسناک واقعہ رپورٹ ہوا جس پر ریسکیو 1122 نے فوری ریسپانڈ کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ خاتون کی لاش مل گئی ہے جبکہ بچی کی تلاش ابھی جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک اعلٰی سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل بنا دی گئی ہے، یہ واقعہ سو فیصد ہوا، اور مشکوک کال کے حوالے سے قیاس آرائیاں تھیں، بدقسمتی یہ واقعہ ہوا، اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ فال روڈ سے خاتون کی لاش ملی ہے۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے کہا ہے کہ لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر متعلقہ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق ڈائریکٹر ٹیپا شبیر حسین کو غفلت اور نااہلی پر معطل کیا گیا جبکہ واسا حکام کو فوری ریلیف آپریشن تیز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حفاظتی اقدامات نہ اپنانے پر کنٹریکٹر اور متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔

