بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کے گھر پولیس کا چھاپہ، تشدد اور داماد کی گرفتاری
صوبہ پنجاب کے ضلع ملتان میں بزرگ سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پولیس کی بھاری نفری نے چھاپہ مارا ہے اور اُن کے داماد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
سنیچر کو رات گئے ایک ویڈیو بیان میں جاوید ہاشمی نے بتایا کہ 60 سے 70 پولیس اہلکاروں نے گھر کا گھیراؤ کیا۔
مخدوم جاوید ہاشمی کے مطابق کارروائی کے دوران کسی کو بھی باہر جانے سے روک دیا گیا اور اُن کے کمسن نواسے کو چوٹ آئی تھی مگر کلینک جانے نہ دیا گیا۔
چھاپے کے دوران مخدوم جاوید ہاشمی کے داماد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی طاقت کے انتہائی استعمال اور سیاسی دباؤ ڈالنے کے لیے ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عمار سولنگی کے نام سے موجود ایک متنازع اکاؤنٹ سے جاوید ہاشمی کے حوالے سے دھمکی آمیز ٹویٹ میں ان کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا گیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب میں حکام نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ چھاپہ نہیں بلکہ بجلی چوری کے الزام میں جاوید ہاشمی کے داماد کی گرفتاری ہے، اور یہ کارروائی حکومت کے بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔

