طوفانی بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں حادثات، 30 ہلاکتیں اور 85 زخمی
خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی محکمے (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ بارشوں اور طوفان کی وجہ سے 25 مارچ سے لے کر اب تک 30 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہو گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں چھتیں اور دیواریں گرنے سے ہوئی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں 20 بچے، پانچ مرد اور پانچ خواتین شامل ہیں جبکہ 36 مرد، 11 خواتین اور 38 بچے زخمی ہوئے ہیں۔
یہ حادثات ایبٹ آباد، کوہاٹ، پشاور، نوشہرہ، باجوڑ، لکی مروت، کرم، ہنگو، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر اپر، بٹگرام اور شمالی وزیرستان اور ٹانک میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ یہ بارشیں چار اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان کے شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری ہوئی ہے-

