پاکستان

’اس بے شرمی، بے غیرتی کو روکیں‘، انصار عباسی کا فضا علی کی گرفتاری کا مطالبہ

اپریل 14, 2026

’اس بے شرمی، بے غیرتی کو روکیں‘، انصار عباسی کا فضا علی کی گرفتاری کا مطالبہ

پاکستان میں سوشل میڈیا پر صارفین کو نیوز24 چینل کے مارننگ شو کا ایک ویڈیو کلپ ملا ہے جس پر تبصرے کیے جا رہے ہیں-
مارننگ شو کی میزبان فضا علی نے اپنے پروگرام میں اپنی کم عمر بیٹی اور شوہر کو بطور مہمان مدعو کیا تھا- ایک موقع پر فضا علی کی بیٹی کے کہنے پر اُن کے شوہر اپنی اہلیہ اور پروگرام کی میزبان کو اُٹھا لیتے ہیں-

اس ویڈیو کلپ میں شیئر کیے گئے واقعے کو متعدد صارفین غیراخلاقی اور نامناسب قرار دے رہے ہیں جبکہ بہت سے ایسے بھی ہیں جو ناقدین کو دقیانوسی خیالات کے مالک کہتے ہوئے پوچھ رہے ہیں کہ اس میں‌ غیراخلاقی اور نامناسب کیا ہے-

صوبہ پنجاب کی حکومتی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اس ویڈیو کلپ میں‌ شیئر کیے گئے واقعے پر تبصرہ کیا کہ ’نیشنل ٹی وی پر ایک خاتون اینکر اور ان کے شوہر نے اپنی بیٹی کے سامنے جس طرز عمل اور چھچھور پن کا اظہار کیا وہ افسوسناک ہے- ایسا طرزِ عمل نابالغ بچوں کے سامنے گھر میں دہرانا بھی غیر اخلاقی ہے کجا کہ اسے کروڑوں ناظرین کے سامنے ٹی وی پر دکھایا جائے-‘

ان کا کہنا تھا کہ ’بڑوں کو اچھے اخلاق اور وضع داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ بچے اور نوجوان نسل کچھ بہتر سیکھ سکیں- غیر اخلاقی، بچکانہ اور چھچھوری حرکتوں سے ینگسٹرز کے ذہنوں پر برا اثر پڑتا ہے، پھر ہم کہتے ہیں کہ اج کل کی نوجوان نسل اخلاقی گراوٹ کی شکار کیوں ہو رہی ہے-‘

اُن کی اس پوسٹ پر ایک صارف محسن زید نے سوال کیا کہ ’حنا پرویز صاحبہ میں آپ کے کام کا شاید سب سے بڑا معترف ہوں، ‏لیکن کیا مجھے دلیل سے بتائیں گی کہ ایک شوہر کا اپنی بیوی کو پیار سے اٹھا لینا کیسے غیر اخلاقی ہوا۔؟‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’‏کیا اس سے بھی بہتر کی ضرورت ہے ہمارے معاشرے کے بچوں کو سیکھنے کے لیے۔؟ ‏جہاں غیرت کے نام پر مارا جانا نارمل سمجھا جاتا ہو۔‘

عرب نیوز ڈاٹ پی کے ویب سائٹ سے منسلک وسیم عباسی نے ویڈیو کلپ پوسٹ کر کے پوچھا کہ ’یہ پاکستان ٹی وی چینل پر کیوں دکھایا جا رہا ہے، کیا یہ ریٹنگ کی دوڑ ہے؟‘

اس پوسٹ کو ری پوسٹ کر کے دی نیوز اخبار کے انوسٹیگیٹیو سیل کے ایڈیٹر انصار عباسی نے پیمرا، وزیراعظم اور وزیر اطلاعات کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ ’خدارا اس بے شرمی، بے غیرتی کو روکیں۔ ایسی آزادی اور ایسی انٹرٹینمنٹ معاشرہ کے لیے بہت بڑا فتنہ ہے۔ حکومت اس بے حیائی اور بے غیرتی کو فوری روکے اور ذمہ داروں کو گرفتار کرے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے