پاکستان کے وزیراعظم سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دورے پر روانہ
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پرائم منسٹر آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ چار دنوں (15-18 اپریل) پر محیط ہوگا۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔
بیان کے مطابق سعودی عرب و قطر کے دوطرفہ دوروں میں وزیراعظم دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں جاری دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔
فورم کے دوران وزیراعظم دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ، فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے "لیڈرز پینل” میں شرکت کریں گے۔
فورم کے موقع پر وزیراعظم کی صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

