پاکستان

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر الیکشن، پولنگ جاری

جون 7, 2026

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر الیکشن، پولنگ جاری

پاکستان کے زیرِانتظام گلگت بلتستان میں 10 اضلاع کی 24 نشستوں پر عام انتخابات میں‌ پولنگ جاری ہے۔

اسمبلی کی ان نشستوں‌ پر 396 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے جس میں آٹھ خواتین بھی الیکشن لڑ رہی ہیں۔

انتخابات کے دوران اور پولنگ کے عمل کو پُرامن رکھنے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات کرتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 17 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں-

سکیورٹی کے لیے پنجاب اور سندھ پولیس کے علاوہ رینجرز اور ایف سی کے اہلکار بھی بلائے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان پولیس کے سربراہ آئی جی اکبر ناصر خان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ انتخابی مہم کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں‌ آیا-

تاہم ایک امیدوار کی ریلی میں‌ ہوائی فائرنگ کے دوران کوتاہی سے ایک شخص کی موت ہوئی تھی جبکہ تین زخمی ہوئے-

وفاق میں برسراقتدار پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے اپنی اپنی جماعت کے امیدواروں کے لیے یہاں انتخابی مہم چلائی۔ نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے بھی انتخابی جلسوں سے خطاب کیے۔

اپوزیشن کی بڑی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ان انتخابات میں بطور پارٹی حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ اور تحریک انصاف کا الزام ہے کہ اس کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سمیت متعدد سینیئر رہنماؤں کو امیدواروں کے حق میں مہم چلانے کے لیے گلگت بلتستان کی حدود میں داخل ہونے سے روکا گیا، اور جو رہنما وہاں پہنچنے میں کامیاب رہے انھیں بعد ازاں علاقہ بدر کر دیا گیا۔

اس حوالے سے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہیں- ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے علاقے میں‌ انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے پر طنز اور تنقید کی-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے