امریکہ میں پیدائش پر امریکی شہریت ملتی رہے گی، سپریم کورٹ سے صدر ٹرمپ کے خلاف فیصلہ
امریکہ کی سپریم کورٹ نے صدر ٹرمپ کا جاری کردہ کا ایک حکم نامہ مسترد کر دیا ہے جس کے تحت تارکینِ وطن کے بچوں کے لیے پیدائشی شہریت کو محدود کیا جانا تھا۔
ججوں نے تین کے مقابلے میں چھ ووٹوں سے پیدائشی شہریت کے حق میں فیصلہ دیا۔
نو ججوں میں سے اکثریت ڈیڑھ سو سال پرانی عدالتی نظیر کو بدلنے اور دیرینہ وفاقی قانون اور امریکی آئین کی زبان کی نئی تعبیر کرنے پر آمادہ نہ ہوئی۔
یہ دھچکا یقیناً صدر کے لیے مایوسی کا باعث بنے گا اور انھیں اس بات پر مجبور کرے گا کہ وہ بغیر دستاویزات والے تارکینِ وطن کے امریکہ میں داخلے کو محدود کرنے کے لیے نئے طریقے تلاش کریں۔ اگر وہ کبھی امریکی سرزمین تک نہ پہنچ سکیں تو ان کے بچوں کی شہریت کا سوال بھی پیدا نہیں ہو گا۔
صدر ٹرمپ چاہتے تھے کہ امریکی سرزمین پر پیدا ہونے والے تارکینِ وطن (جن کے پاس دستاویزات نہیں ہیں) کے بچوں کو خودکار شہریت دینے کا طریقہ کار ختم کر دیا جائے۔

