بلوچستان میں اغوا کیے گئے 6 مزدور تشدد کے بعد قتل، لاشیں ضلع کیچ سے برآمد
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ سے 6 افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملی ہیں۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کے مطابق مارے جانے والے تمام افراد پیشے کے لحاظ سے مزدور تھے۔
بابر یوسفزئی نے بتایا کہ ان مزدوروں کو دو روز قبل تربت کے قریب کلاتک سے اغوا کیا گیا تھا۔
انھوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
تمام چھ افراد کی لاشیں ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت کے قریب ناصر آباد کے علاقے سے برآمد ہوئی ہیں۔
مقامی پولیس کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ نامعلوم مسلح افراد نے انھیں گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔ اہلکار کا کہنا تھا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا۔
دو روز قبل مجموعی طور پر سات مزدوروں کے اغوا کی خبر سامنے آئی تھی جن میں سے ایک کو مسلح افراد نے اغوا کے فورا بعد ہلاک کر دیا تھا۔
محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا کا کہنا ہے کہ جن چھ مزدوروں کی لاشیں ملی ہیں ان میں سے چار کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان واقعات میں ملوث شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر کھڑا کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔