یونان میں جنگل کی لگی آگ بجھانے والے دو ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے، دو افراد ہلاک
یونان کے دار الحکومت ایتھنز کے قریب جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں عملے کے دو ارکان ہلاک ہو گئے۔
یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک یونانی کوآرڈینیٹر اور ایک ڈینش پائلٹ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹروں میں سوار دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ان میں ایک برطانوی پائلٹ اور ایک یونانی فائر سروس رابطہ افسر شامل ہیں۔
وزیراعظم میتسوتاکیس نے اس افسوسناک واقعے پر اپنے ’گہرے رنج و غم‘ کا اظہار کیا ہے۔
فائر سروس کے مطابق دونوں ہیلی کاپٹر اٹیکا کے علاقے پساتا کے وسیع علاقے میں لگی جنگلاتی آگ بجھانے میں مصروف تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔
دونوں ہیلی کاپٹرز میں دو، دو افراد سوار تھے۔
رواں موسمِ گرما میں یونان کے کئی علاقوں کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔
یونانی ماہرِ موسمیات تھیوڈور جیاناروس نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اب تک 100,000 ہیکٹر سے زائد رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ کر جل چکا ہے۔

