خان نے کتنے موقف بدلے؟
Reading Time: 2 minutesمسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے چیئرمین تحریک انصاف پر گرگٹ کی طرح رنگ بدلنے کا الزام لگایا ہے،حنیف عباسی نے عدالت عظمی میں دائر درخواست میں کہا ہے کہ عمران خان کا جھوٹ ثابت ہو چکا ہے ان پر آرٹیکل باسٹھ ون ایف کا اطلاق کرکے تاحیات نااہل قرار دیا جائے، حنیف عباسی نے عمران خان کے خلاف متفرق درخواست کپتان کے موقف تبدیلی کی تحریری درخواست کے جواب میں داخل کی ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی جنہوں نے سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے اپنی متفرق درخواست میں کہتے ہیں کہ عمران خان نے تحریری درخواست کے ذریعے نیازی سروسز کے اکاونٹ میں ایک لاکھ پاونڈز کی موجودگی کے پہلے موقف کو تبدیل کرنے کی استدعا ہے، وہ کہتے ہیں کہ عمران خان نے نہیں بتایا کہ انہیں اپنے تحریری جواب کے کس پیراگراف میں تبدیلی درکار ہے، کپتان کی جانب سے اپنے تحریری جواب میں تبدیلی کی عمومی درخواست کی گئی ہے، سپریم کورٹ کے رولز کے آرڈر تینتیس، رولز چار اور چھ کے تحت عمران خان کی موقف تبدیلی کی درخواست منظور کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہو گا، کپتان کی درخواست دراصل عدالتی عمل کی تذلیل کے مترادف ہے، ن لیگی رہنما نے درخواست میں کہا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن اور عدالت عظمی کے سامنے غلط بیانی کے مرتکب ہوئے ہیں، کپتان حلفا کہہ چکے ہے کہ آف شور کمپنی فلیٹ کی خریداری کے لیے بنائی، لندن فلیٹ کی فروخت کے بعد کمپنی بے وقعت تھی، حنیف عباسی نے درخواست میں کہا ہے عمران خان کی اپنی دستاویز سے انکشاف ہو تا ہے کہ کمپنی فلیٹ کی فروخت کے بعد چلتی رہی اور کمپنی اکاونٹ میں بڑی رقوم کی ٹرانزیکشن ہوتی رہیں، متفرق درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان لندن فلیٹ کے بینیفیشل مالک تھے، فلیٹ کی فروخت کے بعد ملنے والی رقم ان کا اثاثہ تھی، جو کپتان نے دو ہزار تین اور دو ہزار چار کے الیکشن کمیشن گوشواروں میں ظاہر نہیں کی، دو ہزار تین میں کمپنی کے اکاونٹ میں ایک لاکھ پاونڈز اور دو ہزار چار میں تینتیس ہزار پاونڈز کی رقم موجود تھی جو گوشواروں میں نہیں دکھائی گئی، عمران خان کا محٖض یہ کہہ دینا کہ پہلا موقف صرف یادداشت اور غلط ایڈوائس پر داخل کیا گیا قطعا قابل قبول نہیں، حنیف عباسی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان کو موقف کے لیے کسی نے غلط مشورہ دیا ہے تو اس کی داد رسی کے لیے فورم موجود ہے، اس قسم کا موقف اپنا کر کپتان قانونی نتائج سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے، عمران خان نے عدالت میں جو کہا اس کی سپورٹ میں بیان حلفی بھی داخل کیا، عمران خان کے خلاف تحریری درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف پہلے دن سے موقف بدل رہے ہیں، ایک کے بعد دوسرا موقف اپنا لیا جاتا ہے، بنی گالہ اراضی کی خریداری اور ادائیگیوں میں موقف بار بار بدلا گیا، عمران خان دوسروں پر سچ نہ بولنے کا الزام لگاتے ہیں لیکن خود بھی ان صفات سے عاری دکھائی دیتے ہیں، حنیف عباسی نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ عمران خان کو صادق و امین قرار نہ دے کر نااہل کیا جائے ۔