اہم خبریں

دارالحکومت اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد

ستمبر 9, 2026

دارالحکومت اسلام آباد میں شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد

عدالتی احکامات کے بعد پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مقامی انتظامیہ نے شیشہ کیفے چلانے پر تاحکم ثانی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے اس‌ حوالے سے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو احکامات جاری کیے ہیں۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس پابندی کا اطلاق ان شیشہ کیفوں پر بھی ہو گا جنھوں نے اجازت نامے یا لائسنس حاصل کیے ہوئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق احکامات کے تحت آؤٹ ڈور اور ان ڈور دونوں قسم کے شیشہ کیفے کو کاروبار سے روک دیا گیا ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں کیفے کو سیل اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔

بدھ کو ہائیکورٹ نے اسلام آباد انتظامیہ کو ایک ماہ میں شیشہ کیفے کے لیے رولز بنانے کی ہدایت کی-

شہر میں شیشہ کیفے کے کاروبار کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی عدالت میں آئی جی اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر، ایڈوکیٹ جنرل نوید حیات ملک اور قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل منظور ججہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے عدالت کو بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والے شیشہ کیفے والوں‌کے خلاف سخت ایکشن لیا ہے اور کچھ افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس کو کیفے کے مالکان کی طرف سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کا کہنا تھا کہ شیشہ کیفوں کے حوالے سے کوئی قواعد و ضوابط نہیں، قواعد بنائے بغیر ان کیفیز کو اس طرح کاروبار کرنے نہیں‌ دیا جائے گا۔

عدالت نے ضعلی انتظامیہ کو رولز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے