دہشتگردوں کے حملے میں آٹھ قتل
Reading Time: < 1 minuteبلوچستان کے شہر کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر واقع ایک گرجا گھر پر کئے گئے حملے میں کم از کم آٹھ افراد مارے گئے جبکہ 30 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ گرجا گھر میں اتوار کی صبح مذہبی عبادات کے لیے بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق مرنے اور زخمی ہونے والے افراد چرچ کے اندر دروازے کے قریب موجود تھے اور خودکش دھماکے کی زد میں آئے۔
بلوچستان پولیس کے سربراہ معظم جاہ انصاری کے مطابق ریلوے سٹیشن کوئٹہ کے قریب امداد چوک پر واقع میتھیو ڈسٹ گرجا گھر کو کم از کم دو خودکش حملہ آوروں نے نشانہ بنانے کوشش کی۔ پولیس کے سربراہ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ حملے کے وقت گرجا گھر میں 400 کے قریب افراد موجود تھے لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔ آئی جی پولیس نے بتایا کہ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے ایک حملہ آور کو گرجا گھر کے احاطے کے مرکزی دروازے پر ہی مار گرایا جبکہ دوسرے حملہ آور نے گرجا گھر کے دروازے پر زخمی ہونے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔