ٹرمپ نے حیران کن سمجھوتہ کرلیا
Reading Time: < 1 minuteڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ماضی کو درست کرنا شروع کردیاہے، مختلف مقدمات کو مخالف فریقوں سے مفاہمت کرلی ۔ نیو یارک کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ امریکہ کے نو منتخب صدرنے غیر فعال ‘ٹرمپ یونیورسٹی’ سے متعلق تین قانونی مقدمات میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی مفاہمت کر لی ہے۔ یہ مفاہمت یونیورسٹی کے سابق طلبہ سے کی گئی ہے جنہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمات دائر کیے تھے ، طلبہ کا دعوی تھا کہماہر اساتذہ سے ریئل سٹیٹ بزنس کے راز سکھانے کے لیے ان سے 35 ہزار ڈالر وصول کیے گئے تھے لیکن انھیں کچھ بھی نہیں سکھایا گیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ ان الزامات سے انکار کرتے تھے اور انھوں نے ان مقدمات پر کبھی بھی مفاہمت نہ کرنے کا عہد کیا تھا۔ نیویارک کے اٹارنی جنرل ایرک شنائڈرمین نے اس کیس پر سمجھوتہ کرنے کے ٹرمپ کے موقف کو حیران کن تبدیلی اور طلبہ کی بڑی جیت قرار دیا۔ ٹرمپ کو اس معاملے میں جعل سازی کے تین قانونی مقدمات کا سامنا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ کیلی فورنیا اور نیویارک میں واقع ان کی یونیورسٹی نے طلبہ کو گمراہ کیا اور ان سے جو وعدے کیے گئے تھے انھیں پورا نہیں کیا گیا۔