کھیل

آسٹریلیا کو سیریز میں برتری

جنوری 19, 2017 2 min

آسٹریلیا کو سیریز میں برتری

Reading Time: 2 minutes

آسٹریلیا نے تیسرے میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان نے پرتھ میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم کو فتح کے لیے 264 رنز کا ہدف دیا تھا جو آسٹریلیا نے 46 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ ہینڈزکومب نے 82 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سمتھ اپنے کریئر کی آٹھویں اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے اور دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد 108 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ہینڈزکومب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچری مکمل کی اور 82 رنز بنا کر حسن علی کی پہلی وکٹ بنے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ رہی اور انھوں نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ انھوں نے اپنا 21واں ایک روزہ میچ کھیلتے ہوئے 1000 رنز بھی مکمل کر لیے۔ ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین 1000 رنز مکمل کرنے کا ریکارڈ مشترکہ طور پر سر ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹراٹ اور سٹیفن ڈی کاک کے پاس ہے اور اب فہرست میں بابر اعظم کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔ شرجیل خان نے آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے صرف 46 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی تاہم اگلی ہی گیند پر ہیڈ نے انھیں بولڈ کر دیا۔ شعیب ملک اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں سکور میں 63 رنز کا تیزی سے اضافہ کیا تاہم شعیب ملک 39 کے انفرادی سکور پر سٹین لیک کی پہلی وکٹ بنے۔ عمر اکمل نے 39 رنز بنائے اور انھیں ہیزل ووڈ نے آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم نو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس سیریز میں برسبن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے میلبرن میں دوسرے ایک روزہ میچ میں چھ وکٹوں سے فتح اپنے نام کی تھی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے