سوئس بنکوں کے خزانے کی واپسی متوقع
سوئٹزرلینڈ کی حکومت پاکستان سے جمع کروائے جانے والے کالے دھن کے بارے میں معلومات دینے پر راضی ہو گئی ہے _ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے اس ضمن میں اسی ماہ ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ایک اعلی سطح کا وفد اس ماہ کے تیسرے ہفتے میں سوئٹزرلینڈ جائے گا جہاں سوئس حکام کے ساتھ اس معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت سنہ 2005 سے سوئٹزرلینڈ کے حکام سے یہ معلومات فراہم کرنے کے معاملے پر مذاکرات کرتی رہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس معاہدے پر اس لیے پیش رفت نہیں ہو سکی تھی کیونکہ سوئس حکام پاکستان سے سوئٹزرلینڈ کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے اور ٹیکسوں میں چھوٹ کے مطالبات کر رہے تھے جنھیں تسلیم نہیں کیا گیا تھا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ اب سوئس حکام نے پاکستان کی شرائط پر اس معاہدے پر دوبارہ بات چیت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ تحقیق کے مطابق ایچ ایس بی سی کے سوئٹزرلینڈ میں واقع پرائیوٹ بینک کے لیک ہونے والے اکاونٹس میں پاکستان دنیا کے سب سے زیادہ ڈالر اکاؤنٹ رکھنے والے ممالک میں 48 ویں نمبر پر تھا۔

