جمعۃ الوداع اور عید میلاد تعطیلات ختم
بھارتی ریاست اترپردیش میں بی جے پی حکومت نے جمعۃ الوداع اور عید میلادالنبی سمیت 15 عام تعطیلات کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا یہ فیصلہ رواں سال2017 سے ہی نافذالعمل ہوگا۔ منسوخ کی جانے والی عام تعطیلات میں جمعۃ الوداع، عید میلادالنبی اور مہارشی بالمیکی جینتی جیسی اہم تعطیلات بھی شامل ہیں جبکہ خواجہ معین الدین چشتی، چندر شیکھر، پرشورام، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور چودھری چرن سنگھ کی یوم پیدائش پر ہونے والی تعطیلات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، كارناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد سے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گی۔