پاکستان

’شیل پاکستان‘ پر ایک کروڑ جرمانہ

جولائی 7, 2017

’شیل پاکستان‘ پر ایک کروڑ جرمانہ

احمد پور شرقیہ کے قریب آئل ٹینکر کے حادثے کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے تیل و گیس کے شعبے کے منتظم ادارے اوگرا نے کمپنی ’شیل پاکستان‘ پر ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ اس حادثے میں اب تک دو سو پندرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔  کمپنی کو اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس دس لاکھ اور زخمیوں کو فی کس پانچ لاکھ روپے کے حساب سے ہرجانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

اوگرا سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات غیرجانبدار انسپکٹرز کو سونپی گئی تھی جنھوں نے اپنی رپورٹ جمعرات کو  اوگرا کے سپرد کی۔ اس رپورٹ میں حادثے کی ذمہ داری شیل پر عائد کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا کہ حادثے کا شکار ہونے والا ٹینکر اوگرا یا کسی بھی سرکاری یا نجی حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتا تھا۔ اس کے علاوہ آئل ٹینکر کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی جعلی تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شیل پاکستان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جرمانے اور ہرجانے کی ادائیگی کے فیصلے پر فوری عمل کرے بصورت دیگر اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

رپورٹ میں مقامی انتظامیہ کو بھی غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ٹینکر الٹنے کے بعد پٹرول سڑک پر بہا لیکن عوام کو حادثے کے مقام سے دور رکھنے کے لیے مقامی انتظامیہ فوری حرکت میں نہیں آئی۔ اس کے علاوہ موٹروے پولیس نے بھی فوری طور پر جائے حادثہ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات نہیں کیے۔

 

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے