رحمان ملک جھوٹا اور مکار ہے، جے آئی ٹی
Reading Time: < 1 minuteسپریم کورٹ کے فیصلے پر پانامہ پیپرز کیس میں شریف خاندان کے اثاثوں کی تحقیقات کیلئے قائم مشترکہ ٹیم یعنی جے آئی ٹی نے پیپلزپارٹی کے سینٹر رحمان ملک کو جھوٹا اور مکار شخص قراردیاہے۔ جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ رحمان ملک ایک بناوٹی شخصیت کامالک اور چالاک شخص ہے جس نے تحقیقات میں کوئی مدد نہ کی۔ رپورٹ میں لکھاہے کہ جے آئی ٹی نے جب ان سے حدیبیہ پیپرز ملز کی تحقیقاتی رپورٹ کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہاکہ یہ ایک سورس کی معلومات کی بنیاد پر بنائی گئی رپورٹ تھی، تاہم رحمان ملک نے یہ بھی کہاکہ بعض دستاویزات انہوں نے نیب کے سابق چیئرمین جنرل امجد کے حوالے کی تھیں۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق بعد ازاں جب جنرل امجد پیش ہوئے تو انہوں نے رحمان ملک کے بیان کی تردید کی اور کہاکہ ان کی رحمان ملک سے ایک اتفاقی ملاقات ہوئی تھی اس کے علاو ہ کبھی وہ رحمان ملک سے نہیں ملے اورنہ ہی ان کو مسٹر ملک نے کوئی دستاویزات فراہم کی تھیں۔ رحمان ملک نے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں اپنے بارے میں ریمارکس پر سخت ردعمل ظاہر کیاہے اور کہاکہ ٹیم کا کام تحقیقات کرنا تھا میرے ذات کے بارے میں تبصرے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ سینٹ میں تحریک استحقا ق لائیں گے اور جے آئی ٹی رپورٹ میں اپنے خلاف ریمارکس پر عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔ واضح رہے کہ رحمان ملک نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اس تحقیقاتی ٹیم میں اعلی پائے کے تفتیش کاروں پر مشتمل قرار دیا تھا ۔