افغانستان میں امریکی شہید؟
پاکستان کی فوج نے پہلی بار افغانستان میں امریکی فوجیوں کے مارے جانے پر غم کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امریکا کے اسپیشل فورس کے دو جوانوں کی ہلاکت پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے، یہ امریکی فوجی افغانستان کے شہر قندہار میں طالبان کے حملے میں مارے گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل باجوہ کے مطابق پاکستان کو بھی دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے لڑنے میں اسی طرح کی خون ریزی کا سامناہے ۔ اور وہ مارے جانے والے فوجیوں کے خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی حکومت اس طرح کے حملوں کی مذمت کرتی رہی ہے مگر امریکی فوجیوں کے افغان طالبان کے ہاتھوں مارے جانے پر پاکستانی فوج کی جانب سے پہلی بار اس طرح کا مذمتی ردعمل سامنے آیاہے۔